7 keys of success
کامیابی کی 7 کنجیاں
وقت وہ ریت ہے جو بڑی تیزی سے ہاتھ سے پھسلتی جاتی ہے اور زندگی کی دوڑ میں شامل انسان اسے روکنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ قدرت نے ہر کسی کو 24 گھنٹے دیے ہیں دن و رات کے، کہ وہ اسے استعمال کر کے اپنی زندگی بدلے۔ لیکن صرف کچھ لوگ ہی ان کا صحیح استعمال کرتے ہیں اور اکثر بڑی بے نیازی سے انہیں گنوادیتے ہیں اور پھر روتے رہتے ہیں کہ زندگی میں کامیابی نہیں ملتی۔ کیسے کامیاب ہوگے بھیا؟ وقت کو تو تم خود ہی گنوا رہے ہو۔
تو ایسے بھائی بہنوں کے لیے آج میں کامیابی کا تالا کھولنے کی 7 چابیاں لائی ہوں، اب یہ ان کی قسمت ہے کہ وہ ان چابیوں کو سنبھال کر رکھتے ہیں یا اپنے وقت کی قیمتی ریت کو ضائع کردیتے ہیں۔
1:Make clear your goals
تو میرے قارئین، پہلی کنجی ہے آپ کا ہدف، آپ کا مقصد یا گول، اپنے سامنے اس چیز کو واضح کریں کہ آپ کا مقصد کیا ہے؟ آپ اسٹوڈنٹ ہیں، اپنے تعلیمی گولز متعین کریں۔ آپ بزنس مین ہیں، اپنے کاروباری گولز کا تعین کریں، آپ فری لانسر ہیں، اپنے پروجیکٹس کے حوالے سے گولز طے کریں۔ ایک قلم و کاغذ لیں اور اس پر اپنا گول لکھ کر کسی محفوظ جگہ رکھ دیں اور اسے دیکھتے رہیں۔ اور اس میں مدت بھی اہم ہے، آپ ہفتے کے حساب سے، مہینے کے حساب سے، سال کے حساب سے ہدف مقرر کریں۔ آپ دن کا ہدف بھی مقرر کر سکتے ہیں کہ آج کیا کیا کرنا ہے؟ آج کون سا کام کرنا ہے؟ لکھ کر رکھنا سب سے بہترین تکنیک ہے، یہ آپ کے دماغ کو یاد دلائے گا کہ آج اس کی کیا ڈیوٹی ہے۔ اس موضوع پر ہمیں Gino Wickman کی لکھی ہوئی کتاب Traction میں یہ جاننے کو ملتا ہے کہ کیسے اپنے سب سے بڑے خواب کو تین حصوں میں تقسیم کر کے تین سال، ایک سال اور 90 دن کے ہدف کی صورت میں پورا کیا جا سکتا ہے۔
2:Tackle Difficult Tasks First
مشکل ہدف کو پہلے پورا کریں، اپنی ڈیلی روٹین میں، میں یہ دیکھتی ہوں کہ آج کے دن کیا کام ہے جو محنت طلب ہے اور مشکل ہے۔ جیسے کہ اسکرپٹ پلاننگ، ایڈیٹنگ، یا پوسٹ ڈیزائن کرنا۔ یہ سبھی کام وقت اور محنت طلب کرتے ہیں، اس لیے میں انہیں صبح کے وقت مکمل کرتی ہوں۔ صبح کا وقت ایک نعمت ہے، ایک رحمت ہے۔ اس وقت آپ کا دماغ تر و تازہ ہوتا ہے، آپ کی انرجی ہائی لیول پر ہوتی ہے۔ اس لیے مشکل کام کو صبح کے وقت کرنے کی کوشش کریں۔ باقی کاموں کو اہم اور غیر اہم کی کیٹیگری میں تقسیم کریں اور جو اہم ہیں یعنی آج ہی کرنا ضروری ہیں وہ دن کے باقی حصے میں کرلیں، وقت ہے تو باقی کام بھی کرلیں، اور آج نہیں کرسکتے لیکن کل ہوسکتے ہیں، انہیں کل کرلیں۔ روز سونے سے پہلے اپنے اگلے دن کی پلاننگ کرلیں کہ دوسرے دن کیا کرنا ہے؟ لسٹ بنائیں اور اگلی صبح اسی طرح کرلیں جیسے آج کیے ہیں۔
3: Avoid excessive mobile use
اندھا دھند موبائل استعمال کرتے ہیں؟ Netflix, YouTube, social media سے نظر ہٹنے کا نام نہیں لیتی؟ آپ کی کامیابی کے لیے یہ موت ہے، سمجھ آئی؟ موت۔۔ موبائل کا بے پناہ استعمال مت کرو، اگر کام ہی موبائل پر کرنا ہے تو مجبوری ہے، لیکن اس کے لیے بھی ان تمام ایپس کو مخصوص ٹائم کے لیے ہائڈ کردو جو غیر ضروری ہیں۔ کچھ موبائلز میں ایسا سسٹم بھی ہوتا ہے جس سے یہ ساری ایپس وقتی طور پر بند ہوجاتی ہیں۔ میرے موبائل میں Focus mode ہے جسے آن کرنے سے میں غیر ضروری ایپس کو آف کردیتی ہوں، اس طرح توجہ ادھر ادھر نہیں بھٹکتی۔ میسجز، ای میل وغیرہ کو بھی ایک دو بار چیک کرو اور بس، کافی ہے۔
4:Be Present And Avoid Multitasking
کھانا کھا رہے ہیں، ساتھ کچھ پڑھ رہے ہیں اور ماں جی یا بیگم صاحبہ کسی اہم خاندانی معاملے کے بارے میں بات کر رہی ہیں۔ تھوڑی دیر بعد جب پوچھیں گی کہ تمہاری کیا رائے ہے؟ آپ چونک جاؤگے اور پوچھوگے کس بارے میں؟ اور وہ کہیں گی ابھی تو بتائی ساری بات۔ پر آپ انجان ہی رہے، کیونکہ آپ کے کانوں نے تو سنا مگر دماغ نے کیچ نہیں کیا، آپ کو پتا نہیں کہ آپ نے کتنا کھایا اور روز یہی ہوتا ہے تو جلدی ہی آپ کے جسم پر چربی کی تہہ چڑھنے لگی گی۔ آفس میں کام کرتے ہیں، باس نے فائل دی ہے، ای میل بھی لکھنی ہے اور آپ دونوں چیزیں ایک ساتھ نمٹا رہے ہو۔ دماغ بٹ گیا، فائل صحیح سے چیک نہیں ہوئی، ای میل میں ایک لفظ کی غلط اسپیلنگ نے مطلب ہی بدل دیا اور اب آپ کے باس کا غصہ آسمان سے باتیں کر رہا ہے۔
یہی ہوگا اگر ایک وقت میں چار چار کام کرنے کی کوشش کروگے، سپرمین نہیں ہو، انسان ہو بھیا۔ فلموں میں جو جینئس بندہ دس کام ایک ساتھ نمٹاتا ہے وہ حقیقت نہیں ہوتی۔ اس لیے ملٹی ٹاسکنگ مت کرو، ہر کام کو مخصوص وقت دو تب ہی وہ اچھے سے ہوگا۔
5:Leverage Team Strengths
اگر آپ کا باس سارے کام خود کرنے کی کوشش کرے گا تو کرپائے گا؟ نہیں۔۔ اسی لیے تو اس نے آپ کو ہائر کیا ہے۔ اپنے ٹیم ممبرز کے ساتھ اچھا سلوک روا رکھیں تاکہ وقت پڑنے پر آپ کے کام آئیں۔ ان کی مدد سے وہ کام بھی دنوں میں مکمل کیا جا سکتا ہے جس کے لیے آپ کو اکیلے کام کرنے کے لیے کئی مہینے درکار ہوں گے۔ ایک اچھی ٹیم ایک اچھی کمپنی کی بنیاد ہے۔ ایک ساتھ کام کرنے سے آپ کو ان سے اور انہیں آپ سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
6:Be Aware Of How You Spend Your Time
پہلے کہہ چکی ہوں کہ وقت وہ ریت ہے جس کے پھسلنے کا پتہ بھی نہیں چلتا۔ اس لیے اس بات کا علم رکھیں کہ آپ کا وقت کیسے گزر رہا ہے؟ آپ کا دن کیسے گزر رہا ہے؟ آپ کن چیزوں پر وقت کے سکے لٹا رہے ہیں؟ اپنے دن بھر کی روٹین کا جائزہ لیں اور غیر ضروری چیزوں اور کاموں کو ختم کردیں۔ جیسے کہ TikTok اور Instagram پر ریلیز دیکھنا، YouTube پر وقت ضائع کرنا، گیمز، یا پھر کسی کے بارے میں فضول گوسپ، یہ سب چیزیں آپ کو کوئی فائدہ نہیں دیتیں۔ اس کی بجائے اپنے کام سے متعلق وڈیوز دیکھیں، کوئی نئی زبان سیکھنے کی کوشش کریں، کوئی نئی skill سیکھیں۔ اور اس کے بعد اگر تفریح چاہیے تو ویک اینڈ پر کوئی اچھی سی فلم آپ کی ساری تھکن اتار سکتی ہے۔
7:Keep Meetings Efficient
اگر آپ نے کوئی میٹنگ بلائی ہے اور وہ 45 منٹ کی ہے، جس میں ادھر ادھر کی ایسی باتیں ہو رہی ہیں جن کا میٹنگ کے ایجنڈا سے کوئی تعلق نہیں۔ تو آپ کی میٹنگ بھی ضائع ہورہی ہے اور آپ کا وقت بھی، اس لیے ٹو دی پوائنٹ بات کر کے 45 منٹ کی میٹنگ کو 10 منٹ کی میٹنگ میں بدل سکتے ہیں، اس سے مزید وقت ضائع نہیں ہوگا۔
اپنی رائے سے آگاہ کرنے کے لیے پوسٹ کے نیچے کا کمنٹ بوکس استعمال کریں اور بتائیں کہ آپ کا اس بارے میں کیا کہنا ہے؟
0 Comments