وینڈیگو] Wendigo

سردیوں کی ٹھٹھرتی راتوں میں انسانوں کا شکار کرنے والا عفریت، وینڈیگو

https://www.darkcasefiles.pro/


 انسان اور خوف کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ جب سے انسان وجود میں آیا ہے، خوف اس کے گلے کے ہار کی طرح اس سے لپٹا ہوا ہے۔ اس بات کو چاہے کوئی کتنا بھی جھٹلانا چاہے، لیکن ہر انسان کو کسی نہ کسی چیز کا خوف ہمیشہ اپنے سائے میں رکھتا ہے۔ اگر کوئی یہ کہے کہ وہ کسی بھی چیز سے نہیں ڈرتا، تو یا تو وہ انسان نہیں، یا پھر وہ ایک جھوٹا شخص ہے۔

یہ انسان کی فطرت میں شامل ہے کہ جو نقصان پہنچانے والی چیز نظر نہ آئے، وہ ہمیشہ اس کے خوف میں مبتلا رہتا ہے اور اس کے تخیل کی دنیا اس چیز کے متعلق بہت سے افسانے اور کہانیاں تراشتی رہتی ہے۔

ایسا ہی ایک افسانوی کردار ہے ” وینڈیگو“، آدم خور عفریت کا۔

یہ ایک ایسی شیطان نما مخلوق ہے جس کے لیے انسان کا گوشت ایک مرغوب غذا ہے، اور اس کا خون اس کا پسندیدہ مشروب۔۔۔۔ خون کی یہ پیاس ہر لمحہ شدید سے شدید تر ہوتی جاتی ہے اور وینڈیگو شکار پر شکار کرتا جاتا ہے اور اس کے اس بد قسمت شکار میں صرف انسان کا نام ہی سر فہرست رہتا ہے۔

وینڈیگو کا کردار در اصل ہمیں Canada اور United States کے قدیم قبائل کی دیو مالائی کہانیوں میں دکھائی دیتا ہے۔ مقامی عقیدے کے مطابق یہ زرد رنگت، سوکھے ہوئے پنجر نما جسم، الجھے بالوں اور بڑے بڑے خوفناک ناخنوں والا ایک عفریت ہے، اس کے سوکھے سڑے اور بدبو دار جسم میں کیڑے کلبلاتے ہیں، وینڈیگو کو ناقابل شکست سمجھا جاتا ہے۔۔۔ صرف اتنا ہی نہیں، بلکہ یہ موسموں پر بھی اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اور خاص طور پر یہ سردیوں کی موسم میں شکار کرنے کے لیے باہر نکلتا ہے۔

https://www.darkcasefiles.pro/


پسِ منظر:

پہلی بار یہ عقیدہ United States میں رہنے والے قدیم قبائلیوں میں نظر آیا، جنہیں Red Indians کہا جاتا تھا۔ یہ ریڈ انڈینز United States کے قدیم باشندے تھے جنہیں بعد ازاں Christopher Columbus کے America دریافت کرنے کے بعد مار مار کر وہاں سے نکالا یا غلام بنا لیا گیا۔ یورپین اقوام کے ظلم و ستم سہتے سہتے اب America کے یہ اصلی وارث ختم ہوچکے ہیں، اور اب ان کی زمین کے اس وسیع و عریض ٹکڑے پر شاید ہی کوئی ریڈ انڈین نظر آتا ہو۔

کون جانے؟ ریڈ انڈینز نے یہ کردار انہی لالچ اور حرص سے بھرے انسانوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تخلیق کیا ہو..!

کینیڈا کے بعض قبائل میں بھی قدیم داستانوں میں اس کا ذکر ملتا ہے۔

ان ریڈ انڈینز کے عقیدے کے مطابق، اگر کسی شخص میں بے انتہا لالچ، حرص اور ہوس جنم لے، تو جلد ہی پہلے اس کی سوچ، نظریات اور احساسات بدلنے لگتے ہیں۔ وہ جذبات اور رشتوں کے احساس سے عاری ہوجاتا ہے۔ پھر رفتہ رفتہ اس کی جسامت بھی بدلنے لگتی ہے، وہ انسان سے ایک شیطانی عفریت میں بدلنے لگتا ہے اور جلد ہی وہ وقت آتا ہے جب وہ مکمل طور پر ایک وینڈیگو بن جاتا ہے۔ سینگوں والا یہ شیطان اپنی بھوک مٹانے کے لیے انسانوں کو اپنا نوالہ تو بنالیتا ہے، مگر اس کی بھوک مٹنے کا نام ہی نہیں لیتی ۔ وہ جتنا کھاتا ہے اس سے کہیں زیادہ اسے بھوک ستاتی ہے۔

https://www.darkcasefiles.pro/


یہ جنگلوں میں رہتا ہے، درختوں پر کسی چوپائے کی طرح، اور بڑی خاموشی سے بغیر آواز کے اترتا اور چڑھتا ہے۔ یہ خوف ناک اور وحشی شکاری جادوئی صلاحیتوں کا مالک ہوتا ہے اور درختوں کے بیچ دوڑتے ہوئے کسی بد قسمت انسان کا شکار کرنے کے لیے بے تاب رہتا ہے، اور انسانوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے لیے مختلف آوازیں نکالتا رہتا ہے، خاص طور پر کسی لڑکی کی آواز۔۔۔ جسے سن کر انجان راہی کھنچے چلے آتے ہیں اور اپنی موت سے ملاقات کرلیتے ہیں۔

ان ہی باتوں سے متاثر ہونے والے بہت سے لوگوں نے مختلف ادوار میں اسے دیکھنے کا دعویٰ بھی کیا۔ نہ صرف قدیم دور میں، بلکہ آج بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جو اس بات کے دعویدار ہیں کہ انہوں نے وینڈیگو کو دیکھا ہے، مگر یہ دعویٰ حقیقت سے بہت دور معلوم ہوتا ہے۔ کیونکہ اگر ہم اس عفریت کے بارے میں پھیلی ہوئی باتوں کو دیکھتے ہیں تو اس عفریت (اگر یہ سچ میں وجود رکھتا ہے) کو دیکھنے والے لوگوں میں سے کسی کا بھی زندہ بچنا ممکن نہیں لگتا۔ اور دوسرے آج کا دور کیمرے اور انٹرنیٹ کا دور ہے، دنیا میں اب تک بے شمار جانور دریافت کیے جاچکے ہیں جن کی موجودگی کے ٹھوس ثبوت بھی مل چکے ہیں۔ اگر حقیقت میں وینڈیگو کا بھی کوئی وجود ہوتا، تو اس بارے میں بھی اب تک کئی ثبوت مہیا کیے جاچکے ہوتے۔

(یوٹیوب پر اس عنوان سے سرچ کرنے پر بہت سی وڈیوز نظر بھی آتی ہیں، لیکن وہ سب جعلی اور ایڈیٹڈ ہیں۔ لہذا ان کا ہونا کوئی ثبوت نہیں)۔


وینڈیگو کو مارنے کا طریقہ:

قدیم زمانے میں بہت سے لوگ وینڈیگو کے نام سے ہی خوف کھاتے تھے، لیکن کچھ جی دار ایسے بھی تھے جنہوں نے وینڈیگو سے مقابلے کی ٹھانی اور ایسے طریقے تلاش کیے جن سے وہ اسے شکست دے سکتے۔

اس کے لیے انہوں نے جن ہتھیاروں کو تجویز کیا وہ یہ تھے؛

1: چاندی کی نوک والے نیزے اور تیر

2:چاندی کی گولی

3:کچے چمڑے کا پھندا/ زنجیر

4: جانوروں کو پکڑنے والے جال

ان ہتھیاروں کے ساتھ اس کو مارنے والوں کو بھی دو اقسام میں تقسیم کیا جاتا تھا۔ 


1: نو آموز شکاری

پہلی بار اس کے شکار پر جانے والوں کو نو آموز شکاری کہا اور سمجھا جاتا تھا، ان کے لیے اس کے شکار کا طریقہ یہ رکھا گیا کہ گن یا تیر سے اس کے دل کو نشانہ بنائیں، اور دور سے ہی گولی یا تیر چلائیں تاکہ نشانہ خطا ہونے کی صورت میں بھاگ کر اپنی جان بچا سکیں۔ یہ عام خیال تھا کہ وینڈیگو کے دل کے گرد برف کی باریک تہہ ہوتی ہے جو اسے بچاتی ہے، اسی کو توڑنے کے لیے چاندی کی گولی یا تیر کا استعمال کیا جاتا تھا۔


2: پیشہ ور شکاری

جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے، ان کا کام ہی وینڈیگو کو ڈھونڈ کر مارنا ہوتا تھا۔ ان کے لیے جال اور پھندے کی تکنیک اپنانا بہتر سمجھا جاتا تھا، جال لگانے کے بعد اس میں گوشت کے ٹکڑے رکھ کر وینڈیگو کے اس میں پھنسنے کا انتظار کیا جاتا تھا اور جیسے ہی وہ جال میں پھنس جاتا، فورا ہی اسے آگ لگادی جاتی، آگ سے وینڈیگو جلنے لگتا ، مگر تب تک اس کی موت کا یقین نہیں ہوسکتا تھا جب تک یہ آگ وینڈیگو کے دل کو جلا کر راکھ نہ کردے۔ 


ہنگامی صورت میں بچاؤ کا طریقہ:

وینڈیگو سے اچانک ٹکراؤ ہوجائے اور وہ بھی ایسی صورت میں جب آپ بالکل نہتے ہوں، تب موت یقینی سمجھی جاتی تھی، مگر United States کے بعض قبائل میں اس مشکل کا حل بھی موجود تھا۔ اور یہ تھے Anasazi symbols، کچھ مخصوص نشانات جنہیں دائرے کی صورت میں بنا کر وینڈیگو سے اپنا بچاؤ کیا جاسکتا تھا۔ United States کے جنوب مغرب میں رہنے والے Hopi، Zuni اور Pueblo قبائل ان نشانات کے ماہر سمجھے جاتے تھے۔


وینڈیگو پر لکھی جانے والی کتابیں:

آج کی دنیا میں وینڈیگو کو اگرچہ ایک فرضی کردار ہی سمجھا جاتا ہے، مگر انگریزی ادب میں بہت سی ایسی کتابیں ہیں جن کا مرکزی کردار وینڈیگو ہے، ان کتب میں  

The curse of Wendigo T

he witchy wolf and the Wendigo

Wendigo lore: Monsters, myths and madness قابل ذکر ہیں۔

وینڈیگو کا وجود ہے یا نہیں، اس بحث سے قطعِ نظر، اس بارے میں جاننا اور پڑھنا بہت دلچسپ لگتا ہے۔ کیونکہ انسانی ذہن ایسی چیزیں بہت زیادہ پسند کرتا ہے جہاں اسے تجسس اور مہم جوئی نظر آئے، لہذا ایسے مزید ماورائی کرداروں کے بارے میں جاننے کے لیے جڑے رہیں dark case files کے ساتھ، جہاں پر ابھی بہت سی حیرت انگیز تحاریر آپ کی منتظر ہیں۔


نوٹ: اگر آپ وینڈیگو کے خوفناک کردار کے پس منظر میں لکھی گئی کہانیاں پڑھنا چاہتے ہیں تو کمنٹ کر کے ضرور بتائیں، ہم آپ کے ذوق کے مطابق بہترین کہانیاں لائیں گے۔



Post a Comment

0 Comments